ایمان اور الحاد ۔۔۔ عقل کی عدالت میں
ہم دیکھتے ہیں کہ شہروں میں سینکڑوں کارخانے بجلی کی قوت سے
چل رہے ہیں، ریل گاڑیاں اور برقی کاریں رواں دواں ہیں، شام کے وقت اچانک ہزاروں
بلب روشن ہوجاتےہیں، گھروں میں ٹی وی اور کمپیوٹر آن ہو جاتے ہیں ،گرمی کے موسم میں
گھر گھر پنکھے،ایئر کنڈیشنرز چلتےہیں۔۔۔۔مگر ان واقعات سے نہ تو ہمارے اندر حیرت
کی کوئی کیفیت پیدا ہوتی ہے اور نہ ان چیزوں کے روشن یا متحرک ہونے کے سبب (Cause) میں کسی قسم
کا اختلاف پیدا ہوتاہے۔۔۔یہ کیوں؟
اس لیے کہ یہ بجلی جن تاروں سے ان بلبوں اور پنکھوں تک آرہی
ہے، ان کو ہم اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں۔ ان تاروں کاتعلق جس بجلی گھر سے ہے، اس
کوبھی ہم نے دیکھ رکھا ہے۔اس بجلی گھر میں جو لوگ کام کرتےہیں، ان کوبھی ہم ورکرز
کی حثیت سے جانتےہیں۔ ان کام کرنے والوں کے اوپر جو انجنیئر نگرانی کر رہاہے، اس سے
بھی ہم واقف ہے۔ ہم کو یہ بھی معلوم ہے کہ وہ انجینئر بجلی بنانے کے کام کا ماہر
ہے۔اس کے پاس آلات اور مشینیں ہیں جن کے ذریعے وہ بجلی کو عام گھروں تک پہنچارہا
ہے۔
چنانچہ گھروں اور بازاروں میں بلبوں کو روشن اور پنکھوں کو
متحرک دیکھ کر اس کے سبب کے حوالے سے ہمارے ذہنوں میں کوئی سوال پیدا نہ ہونے کی
وجہ یہ ہےکہ بجلی کی پیدائش اور ترسیل کا سارانظام ہمارے لیے قابلِ مشاہدہ ہے۔
لیکن فرض کریں کہ کسی وجہ سےوہ تاریں اور سوئچ بورڈجن کے ذریعے بجلی ان بلبوں ،
پنکھوں اور ٹی وی سیٹوں تک پہنچتی ہے۔۔ہماری نظروں سے پوشیدہ ہیں۔بجلی گھر بھی ہم
نہیں دیکھ سکتے اور نہ اس کے اندر کام
کرنے والے اہلکار ہمیں دکھائی دیتے ہیں۔۔۔اور ہمیں یہ بھی معلوم نہیں کہ اس بجلی
گھر کا
کوئی انجینئر ہے جو اسےاپنے علم اور مہارت سےچلارہاہے۔۔۔تو کیا ایسی صورت میں بھی
ہم بجلی کے جلوے اور کارفرمائیاں دیکھ کر ایسے ہی مطئمن رہتے؟ کیا اس وقت بھی
ہمارے ذہن بجلی کے نظام اور اس کے اسباب
کے حوالے سے سوالات سے خالی ہوتے ؟۔۔۔ظاہر ہے کہ ایسا نہ ہوتا۔کیونکہ جب بجلی کے
مظاہر تو موجود ہوں ، لیکن اسباب پوشید ہ ہوں
تو دلوں میں حیرت کے ساتھ بے
اطمینانی کا پیدا ہونا اور دماغوں میں اس راز کی جستجو میں لگ جانا فطری ہے۔ اسی
طرح اس بجلی کے اس راز و اسرار پر مختلف
قیاس آرائیاں ہونا بھی قدرتی امر ہے۔
یعنی لوگ اس بات پر حیراں وششدر ہیں کہ ان بلبوں، پنکھوں،
ائیرکنڈیشنرز، ٹی وی سیٹوں اورکارخانوں کو کونسی قوت چلارہی ہے اور یہ قوت کہا ں
سے آرہی ہے!! ہرشخص اس کی توجیہہ کیلئے عقل کے گھوڑے دوڑارہا ہے۔ تاہم لوگوں کے
مختلف گروہ اس حوالے سےمختلف باتیں کرتے ہیں اور ان کے دلائل اور مقدمات بھی مختلف
ہیں:
ملحدین (Atheists)کا مؤقف
ایک گروہ کہتا ہےکہ مادی اسباب سے بالاترکوئی ایسی قوت نہیں
جوان الیکٹرانک اشیا ء کو چلاتی ہے، بلکہ
یہ محض ان چیزوں کے مادی ترکیب اور خواص (Physical Properties) ہیں جن کی وجہ سے بلب
روشن اور پنکھے متحرک ہوتے ہیں۔ان طبعی خواص کی وجہ سے ٹی وی سیٹ خودبخود آن ہوجاتے ہیں اور پنکھے گردش کرنے
لگتے ہیں۔یعنی ایک بلب میں باہر سے کوئی قوت داخل ہوکر اسے روشن نہیں کرتی بلکہ
بلب کے اپنے مادی ساخت اور طبعی خواص اس کے اندر روشنی پیدا کردیتے ہیں۔
متشککین(Agnostics) کامؤقف
دوسرے گروہ کا کہنا
ہے کہ یہ سارا معاملہ ہمارے علم و ادراک کے دائرے سے باہر ہے۔ ہمارا فہم اس طلسم
کی حقیقت تک نہیں پہنچ سکتا۔ ہم صرف اتنا
جانتے ہیں ،جتنا ہم دیکھتے اور محسوس کرتے ہیں۔ اس سے زیادہ کچھ کے بارے میں ہم
نہیں جانتے اور جوکچھ ہم نہیں جانتے ، اس کی
نہ ہم تصدیق کرسکتے ہیں اور نہ تکذیب۔
انبیاء (Prophets) کامؤقف
یہ سب گروہ آپس میں الجھ رہے ہیں، مباحثے کررہےہیں، مگر
اپنے خیالات کی تائید میں اور دوسرے کے نظریات
کی مخالفت میں ان کے پاس قیاس اور تخمین وظن کے سوا کوئی ذریعۂ علم نہیں ہے۔ اس
دوران ایک شخص آتاہے اور کہتاہے کہ لوگو، میرے پاس علم کا ایسا ذریعہ ہے جو تمھارے
پاس نہیں ہے۔ اس ذریعے سے مجھے معلوم ہوا ہے کہ ان سب بلبوں، پنکھوں، گاڑیوں اورکارخانوں
کا تعلق چند مخفی تاروں سے ہے جن کو تم محسوس نہیں کرتے۔ان تاروں کے ذریعے ایک بہت بڑے بجلی گھر سے وہ قوت آتی
ہے جس کاظہور روشنی اورحرکت کی شکل میں ہوتاہے۔ اس بجلی گھر میں عظیم الشان مشینیں
ہیں جن پر بہت سے ورکر آپریٹ کرتے ہیں۔یہ سب ورکر ایک بڑے انجینئر کے ماتحت ہیں او
ر وہی انجینئر ہے جس کے علم اور مہارت نے اس پورے نظام کو قائم کیا ہے۔ اسی کی
ہدایت اور نگرانی میں یہ سب کام ہورہے ہیں۔
یہ شخص پورے یقین اورقوت سے اپنے اس دعوے کو پیش کرتاہے۔باقی
سب گروہ اس کے دعوے کوجھٹلاتےہیں مگر وہ اپنی بات پر قائم رہتاہے۔اس کے بعد ایک
دوسراشخص آتاہے اور وہ بھی اسی دعوے کو دوہراتاہے، پھرتیسرا، چوتھا،پانچواں آتاہے
اوروہی بات کہتاہے جو اس کے پیشروؤں نے کہی تھی۔ اس کے بعد آنےوالوں کا ایک تانتا
بندھ جاتاہے۔یہاں تک کہ ان کی تعدادسینکڑوں اور ہزاروں سے بڑھ جاتی ہے۔ یہ سب مختلف
زمانوں میں مختلف مقامات پر آتےہیں اوران
سب کے ذاتی کردار اور اخلاق پاکیزہ اور مثالی ہیں۔
عقل ۔۔۔بطور چیف جسٹس
جب ملحدین، متشککین اور انبیاء کےمابین اختلاف کسی نتیجے تک نہیں پہنچتا تو معاملہ عقل کی
عدالت میں چلاجاتاہے۔عقل کی بطور جج اپنی پوزیشن یہ ہےکہ وہ حقیقت کابراہ راست
کوئی علم نہیں رکھتی۔اس کے سامنے صرف فریقین کے بیانات اور دلائل اور کچھ خارجی قرآئن و آثار ہیں۔ انہی پر
نظرڈال کراسے اس مقدمے کافیصلہ کرنا ہے۔
عقل کا فیصلہ
فریقین کی پوزیشن اور ان کے بیانات پر غور کرنے کے بعد عقل
کی عدالت اپنا فیصلہ صادر کرتی ہے:
”وہ کہتی ہے کہ چند مظاہر و آثار دیکھ کر ان کے پسِ پردہ
اسباب کی جستجو سب فریقوں نے کی ہے اور ہر ایک نے اپنے اپنے نظریات پیش کیے ہیں۔سب
نظریات اس لحاظ سے یکساں ہیں کہ ان میں سے کسی کی درستگی کو براہ
راست مشاہدے یا تجربے سے ثابت نہیں کیا جاسکتا۔
تاہم مزید غوروفکر کے بعد چند امور ایسے سامنے آتے ہیں جن
کی بنیادپر انبیاء کے گروہ کا مؤقف قابلِ ترجیح قرار پاتاہے:
I: کسی دوسرے
نظریے کے تائید میں اتنے عاقل اور صادق انسانوں نے متفق ہوکر اتنے یقین کے ساتھ
اکٹھے نہیں ہوئے۔
II: ایسے پاکیزہ کردار اور اتنے کثیر تعداد لوگوں
کا مختلف زمانوں اور مختلف مقامات پر آکر ایک ہی بات پر متفق ہوجا نا کہ ان سب کے
پاس کوئی غیرمعمولی ذریعۂ علم ہے اور سب نے اس ذریعے سے خارجی مظاہر کے باطنی
اسباب کا راز معلوم کرلیا ہے، ہم کو ان کے دعوے کی تصدیق پر مائل کردیتاہے۔
III: خارجی مظاہر
پر غور کرنے سے بھی یہی گمان ہوتاہے کہ انبیاء کا دعویٰ درست ہو ۔ اس لیے کہ
ملحدین کے دعوے کے برعکس بلب، پنکھے اور کارخانے نہ تو آپ سے آپ روشن اور متحرک
ہوتےہیں، کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو ان کاروشن اورمتحرک ہونا ان کے اپنے اختیار میں
ہوتا، جوکہ نہیں ہے۔نہ ان کی روشنی اور حرکت ان کے مادی ترکیب اورطبعی خواص
کانتیجہ ہے، کیونکہ جب یہ چیزیں روشن اور متحرک نہیں ہوتیں، اس وقت بھی ان ترکیب
اورخواص یہی ہوتے ہیں۔
اسی طرح متشککین کا یہ مؤقف کہ یہ معاملہ چونکہ ہمارے علم و
ادراک سے باہر ہے ،لہٰذا ہم اس کی تصدیق کرسکتے ہیں اور نہ تکذیب، بھی درست نہیں
ہوسکتا۔ کیونکہ کسی بات کا ہمارے ادراک سے باہر ہونا یا اس کا ہمارے فہم میں نہ
آنا، اس بات کو لازم نہیں کہ اس کی فی الواقعی کوئی حقیقت ہی نہیں۔کسی واقعہ کا
واقعہ ہونا اس کامحتاج نہیں کہ وہ دیکھنے والوں کی سمجھ میں بھی آجائے۔“
یہ اس معاملہ میں عقل کا فیصلہ ہے۔مگرعقل اس معاملے میں محض
’امکانِ غالب‘ کا حکم ہی لگاسکتی ہے۔ تصدیق وایمان جس کیفیت کا نام ہے،وہ عقل سے
پیدانہیں ہوتی۔اس کیلئے وجدان کی ضرورت ہوتی ہے۔
} ماخوذ: ’عقل کا
فیصلہ‘ ۔۔از سیدابوالاعلیٰ مودودیؒ بحوالہ تفہیمات جلداول{
*************************
No comments:
Post a Comment