خدا کے وجود پر پیغمبری دلیل
فلسفیوں اورمتکلمین نے وجودِ خدا کےاثبات کیلئے کئی ایک
منطقی دلائل وضع کیے ہیں ، جیسے تکوینیاتی دلیل (Cosmological Argument)، وجودی دلیل (Ontological
Argument)، مقصدی دلیل (Teleological Argument)، پاسکل کاداؤ(Pascal’s
Wager) وغیرہ۔ملحدین
ان منطقی دلائل پر منطقی اعتراضات وارد کرکے انھیں مسترد کردیتے ہیں اور پھر کہتے
ہیں کہ چونکہ خدا کے دعوے کیلئے بارِثبوت (Burden of proof) ماننے والوں
پر ہے اور ان کے پاس اب خدا کے اثبات کی کوئی منطقی سقم سے مبرا دلیل نہیں رہی،
چنانچہ ثابت ہوگیا کہ الحاد کامقدمہ خودبخود(By Default) درست ہے۔
قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ ایک مذہبی انسان کی زندگی میں جو
خداکاعقیدہ شامل ہوتاہے، وہ اس بنا پر نہیں ہوتاکہ اس نے منطقی اصول سیکھ کردلائل
کے ذریعے خداکے وجود کو مان لیا ہے،بلکہ وہ خدا کے وجود کو ایک مذہبی روایت کے
ذریعے تسلیم کرتاہے۔ یہ مذہبی روایت کسی پیغمبر کی شہادت پر کھڑی ہوتی ہے۔ مثال کے
طور پر ایک یہودی خدا کے وجود کو اس لیے نہیں مانتاکہ اس کی عقل کاسمولوجیکل دلیل
پر مطئمن ہوچکی ہے، بلکہ اس لیے مانتاہےکہ حضرت موسیٰ نے خدا کو دیکھا اوراس سے
کلام کیا۔۔۔ایک مسیحی کے خداپر اعتقاد کا سبب بھی وجودی دلیل کی صحت(Validity) نہیں ہوتی،
بلکہ اس کاسبب یہ ہے کہ حضرت عیسٰی نے خداکی بادشاہت کااعلان کیا۔۔۔اسی طرح ایک
مسلمان بھی خدا پرایمان اس وجہ سے نہیں رکھتاکہ اس نے کائنات میں نظم(Design) دیکھ کر اس سے
ایک ناظم (Designer) کے وجود پر استدلال کرلیا ہے، بلکہ اس وجہ
سے ایمان رکھتاہے کہ حضرت محمد نے بتادیا کہ ایک خدا ہے جس نے ان پر اپنی کتاب
نازل کی۔
خدا کاپیغمبر خداکا براہِ راست تجربہ کرتاہے اور اس کی
شہادت خداکے وجود پر پیغمبری دلیل (Prophetic
Argument) ہوتی ہے۔اس
دلیل میں انسان پہلے ایک پیغمبر کی نبوت پر ایمان لاتاہے اور پھراس کے توسط سے وہ
خدا، فرشتوں اور قیامت پر ایمان لاتاہے۔ اس کے بعد اگر وہ خدا کے وجود پر کچھ
منطقی دلائل بھی سوچتاہے تو یہ محض عقل کے مزید اطمینان کیلئے ہوتاہے۔ عقل اورتجرباتی مشاہدہ اگر عقیدے کی توثیق کردیں تو اس سے عقیدے کو
تقویت حاصل ہوتی ہے ، مگر عقیدہ ان پر استوار نہیں ہوتا۔
حکیم الامت علامہ اقبال سے ایک بار کسی نے دریافت کیاکہ آپ
نے فلسفہ پڑھ رکھا ہےتو کیا آپ فلسفے سے خدا کے وجود کو ثابت کرسکتے ہیں ؟۔۔۔ اس کےجواب
میں علامہ نےفرمایا:”نہیں۔۔۔میرے لیے بس اتنا ہی کافی ہےکہ میرے نبی نے کہہ دیا
کہ خدا ہے!“
*********************************
No comments:
Post a Comment