مسلکِ سائنس (Scientism)
انسانی فطرت کی ایک کمزوری افراط وتفریط ہے ، یعنی انسان
کسی معاملے میں اعتدال پر قائم نہیں رہ پاتا اور انتہاپسندی کاطرف نکل جاتاہے۔ یہ
رویہ علم کی دنیا میں بھی عام ہے اور اس کا ایک نمونہ سائنسی حلقوں سے تعلق رکھنے
والے افراد میں دکھائی دیتاہے۔سائنس جیساکہ آج ہر شخص جانتاہےکہ تجربے اور مشاہدے
پر مبنی طریقہ کار کانام ہے۔ سائنس کے ذریعے انسان نے اپنے اردگرد کے ماحول اور
دوردراز کی کائنات کو سمجھنےکی کوشش کی ہے۔ اس کوشش میں بلاشبہ سائنسدانوں کو حیرت
انگیز کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ تاہم ان کامیابیوں نے ایک حلقے کے اندر انتہا
پسندانہ جذبات بھی پیدا کردیے ہیں۔کچھ پرجوش سائنسدانوں نے سائنس کوایک مسلک کی
صورت میں سمجھنا اوربیان کرنا شروع کردیا ہے۔ اس رویے کو سائنٹزم (Scientism) کانام دیا گیا
ہے۔اس کی تعریف یہ ہے:
“Scientism is the promotion of science as the
best or only objective means by which society should
determine normative
and epistemological
values. The term scientism is generally used critically, implying a
cosmetic application of science in unwarranted situations considered not
amenable to application of the scientific
method or similar scientific standards.”(Wikipedia)
”سائنٹزم سائنس کاایک ایسے اعلیٰ ترین یا واحد معروضی ذریعۂ علم کے
طور پرفروغ ہے جس کی بنیاد پر معاشرے کو اپنی تمام سماجی اورعلمی اقدار متعین کرنی
چاہیئں۔سائنٹزم کی اصطلاح عام طورپرسائنس کےہر ایسی صورتحال میں بلاتکلف
اورغیرمحتاط اطلاق پر تنقید کیلئے استعمال کی جاتی ہےجو سائنسی طریقہ کار کیلئے
موزوں نہیں سمجھی جاتی۔“
دوسرے الفاظ میں بعض لوگ سائنسی طریقہ کار کو حتمی قرار
دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ صداقت بس وہی ہے جو سائنس دریافت کرتی ہے اور جو علمی حقیقت
سائنسی پیمانوں پر ثابت نہیں ہوتی ، وہ حقیقت ہی نہیں ہوتی۔ یوں فلسفہ،نفسیات،
تاریخ، اخلاقیات، آرٹ اورسوشل سائنسز میں بھی بس وہی چیزیں درست سمجھی جاتی ہیں
جنھیں سائنس سندِ توثیق بخش دے۔
موجودہ دور میں سائنسی ٹیکنالوجی کی
کامیابیوں اورانسانی زندگی پر اس کے اثرات کے تحت سائنسی طریقہ کار(مشاہدہ
اورتجربہ) کو اتنی مقبولیت حاصل ہوگئی ہے کہ لوگ انسانی زندگی کے ہر پہلو میں
سائنسی شواہد کامطالبہ کرنے لگے ہیں۔حتی ٰ کہ خود سائنسی علوم کی مختلف شاخیں اس
لحاظ سے اہم اور غیر اہم بنا دی گئی ہیں کہ کون سا علم سائنسی تجربات پر مبنی ہے اورکونسا محض عقلی دلائل پر انحصار کرتاہے۔
اس اعتبار سے فزکس، بیالوجی اور کیمسٹری کو برتری حاصل ہے اورنفسیات،
سماجیات ، اخلاقیات اورتاریخ وغیرہ لوگوں کی نظر میں اتنے اہم نہیں رہے۔ ایک دوسرے
درجےکاطبیعات دان یا بائیولوجسٹ اگر کوئی بات کہتا ہے تو لوگ توجہ سے سنتے ہیں ،
لیکن اگر کوئی فلسفی اس سے بھی عمدہ بات کہہ دے تو لوگ کوئی توجہ نہیں دیتے۔
نفسیات جس سے توقع تھی کہ وہ مذہب اور سائنس کے درمیان پل کاکردار ادا کرے گی، بھی
اب نیوروالوجی، جینٹیکس اورکمپیوٹر سائنس کی لونڈی بن گئی ہے۔آج کے ماہرِ نفسیا ت
فرائڈ، ولیم جیمز اورژنگ کے نظریات کو نظرانداز کرکے یہ دیکھنے میں مصروف ہوگئے
ہیں کہ نیوروبائیولوجسٹ اپنی تجربہ گاہوں میں دماغ پر کیا تحقیق کررہے ہیں یا جینز
پر تحقیق کے نتیجے میں انسانی کردار کے کونسے پہلو متعین ہوئے ہیں۔
سائنس کی
اہمیت میں اتنی مبالغہ آرائی ہوچکی ہے کہ اگرکوئی سائنسدان کسی معاملے میں ثبوت نہ
ہونے پر بھی محض عقلی قیاس آرائی کرے تو لوگ اسے 'سائنسی حقیقت' سمجھ کر دوہرانے
لگتےہیں۔ اس باب میں سب زیادہ قیاسی گھوڑے ارتقائی حیاتیات میں دوڑائےجاتےہیں اور
ماہرینِ ارتقاء اپنے میدان سے باہر نکل کر اخلاقیات، سماجیات اورمذہب کے شعبوں پر
بھی اپنا ارتقائی نظریہ آزماتے ہیں اورلوگ اس کو سائنس سمجھ کر قبول کرلیتے ہیں۔
اس اعتبار سے سائنس اب ایک مسلک بن چکی ہے۔دنیا کا کوئی علم اس وقت تک علم نہیں کہلاسکتاجب تک وہ سائنس کی بارگاہ میں قدم بوسی نہ کرلے۔سقراط کی باتیں ہوں یا کنفیوشش کے اقوال، اسی وقت لائقِ توجہ ہوسکتے ہیں جب کوئی سائنسدان انھیں درست قرار دے دے۔
یہ سائنسی انتہا پسندی بھی اتنی ہی غلط ہے جتنی کہ مذہبی انتہاپسندی!
**********************
No comments:
Post a Comment