نفسیات
قوتِ ارادی اورخوداعتمادی
آپ نے بہت سے لوگوں کو یہ کہتے سنا ہوگا کہ
" میرے اندر قوتِ ارادی کی بہت کمی ہے جس کی وجہ سے میں کوئی فیصلہ نہیں
کرپاتا۔" اسی طرح آپ نے لوگوں کو یوں نصیحت کرتےبھی دیکھا ہوگا کہ"
میاں! اپنے اندر خوداعتمادی پیداکرو ورنہ زندگی میں کچھ نہ کرسکوگے۔ ۔۔۔۔۔ضعیف
ارادہ اور خوداعتمادی کی کمی، دونفسیاتی مسائل ہیں جن سے اکثر افراد دوچار ہوتے یں
مگر عام طورپر ان دونوں مسائل کاعلاج غلط
تجویز کیاجاتاہے۔
ارادے کی کمزوری کوئی ایسی چیز نہیں جس کاعلاج آپ خودترغیبی (Auto suggestion) کے ذریعے سے
کرسکیں اورنہ نصیحتوں کے ذریعے سے ہی کسی کے اندر خوداعتمادی پیداکی جاسکتی ہے۔ان
دونوں مسائل کے مخصوص اسباب ہوتے ہیں اور جب تک ان اسباب کو دور نہ کیا جائے ، ان
مسائل کا تدارک نہیں ہوتا۔
ارادے کی کمزوری
عام
طورپر اس مسئلے کاعلاج یہ تجویز
کیاجاتاہےکہ متاثرہ فردرات سوتے وقت دل ہی دل میں یوں تکرار کر ے:"میری قوتِ
ارادی بحال ہورہی ہے" یا " میرے ارادے کی کمزوری دورہورہی ہے" مگر
یہ ضعیف ارادے کاایک سطحی اورغیر موثر علاج ہے۔
ضعفِ
اراد ہ دراصل اس ذہنی کیفیت کانام ہے جس میں انسان کے پاس زندگی کا کوئی مقصد نہیں
ہوتااورنہ اس کے سامنے عملاً کوئی ایساہدف ی نشانہ ہوتاہے جس کےحصول کیلئےوہ سرگرم
ہوسکے جسمانی طاقت کی طرح ہر انسان کے اندر نفسیاتی توانائی کا ذخیرہ بھی
ہوتاہے۔اگرانسان کے سامنے کوئی چیلنج موجود ہو تو یہ توانائی خود بخود قوتِ ارادی
میں ڈھل کر فعال ہوجاتی ہے۔تاہم جب انسان بے مقصدیت کاشکار ہوتاہے تو یہ توانائی
اندر ہی دبی رہتی ہے یابیدارخوابی( Day
Dreaming) کی صورت میں
ضائع ہوتی رہتی ہے۔
لہٰذا
قوتِ ارادی کی بحالی کا اصل علاج یہ ہے کہ آپ کرنے کیلئے کوئی ایسا مثبت کام یا
منصوبہ تلاش کیجیے جو آپ کی ذات کیلئے مفید ہو اورجس کے نتائج جذباتی اورسماجی
اعتبارسے آپ کیلئے پرکشش ہوں۔ایسے کام میں مشغول ہوجانےکے بعد آپ حیران رہ جائیں
گے کہ آپ کے اندر ارادے کی کتنی زیادہ قوت موجود ہے۔اس کام کو تکمیل تک پہنچانے کے
لیے آپ خودبخود اپنے دن رات ایک کرناشروع کردیں گےاور اس کے تمام مفید نتائج آپ کو
مستقل مزاجی سے اسی کام میں لگے رہنے کیلئے مجبور کرتے رہیں گے۔مثلاً اپنے سامنے
ہدف رکھیے کہ آپ نے اگلے دوماہ میں اپنا وزن پانچ کلو کم کرنا ہے۔اس کے بعد آپ
کاارادہ فعال ہوکر خودبخود آپ کو روزانہ
صبح ورزش کیلئے بیدارکرے گا اور آپ کو دسترخوان پر بسیارخوری سے روکے گا۔
خود اعتمادی میں
کمی
ہر وہ
فرد خود اعتمادی میں کمی کاشکار ہوجاتاہے جس نے زندگی میں کوئی ٹھوس کامیابی حاصل
نہ کی ہو۔جب تک آپ کی صلاحیتیں اور استعدادیں آپ کےاندر ہی پوشیدہ ہیں،آپ کو اپنی
ذات پر کچھ اعتماد نہیں ہوسکتا۔تاہم جب یہ صلاحیتیں آپ کے باطن سے نکل کر خارجی
دنیا میں کچھ ٹھوس نتائج دکھانے لگتی ہیں تو ایسی ہر کامیابی سے آپ اپنی ذات
اورقابلیتوں پر اعتماد کرنے لگتے ہیں۔آپ محض خواہش یا سوچ کے ذریعے اپنی
خوداعتمادی میں اضافہ نہیں کرسکتے،صرف عملی اقدام ہی خوداعتمادی کااصل اورواحد
منبع ہے۔
خود
اعتمادی کے حصول کیلئے ایسی کامیابی کی منصوبہ بندی کیجیے جسے دوسرے لوگ ناپ تول
کر دیکھ سکیں ۔جب لوگ آپ کی کامیابی سے متاثر ہوکر آپ کی تعریف کریں گے تو اس سے
ہی آپ کی خوداعتمادی میں اضافہ ہوگا۔اس کی ابتداچھوٹی چھوٹی کامیابیوں سے کریں اور
پھر بتدریج بڑی کامیابیوں کی طرف پیش قدمی کریں۔جب تک کسی بھی شعبے میں آپ کی کوئی
کامیابی لوگوں کی نظروں میں نہیں آئے گی،آپ اپنی ذات پر اعتماد محسوس نہیں کریں
گے۔مثال کے طورپر اگر آپ دل ہی دل میں کوئی غزل تخلیق کرلیتے ہیں تو اس سے آپ کے
ادبی ذوق کی تسکین تو ہوجائے گی ،مگر اس سے آپ کی خوداعتمادی میں اضافہ اسی وقت
ہوگا جب آپ یہ غزل کسی مشاعرے میں پڑھ کر داد وصول کریں گے۔
************************
No comments:
Post a Comment