مذہب کااصل مقصد۔۔۔تعلیم
مذہب حقیقت میں ایک نظامِ تعلیم(Education System)ہے جس میں پیغمبرمعلم(ٹیچر) کی طرح اور صحیفہ نصاب(کورس) کی طرح
ہوتاہے۔اس نظامِ تعلیم کامقصد انسان کو ایک خاص اخلاقی کردار میں ڈھالنا ہے۔اس
مقصد کیلئے مذہب عقائد کا نظام متعارف کراتاہے جس کامقصد انسان کے اندر یقین پیدا
کرنا ہے کہ اسے جو تعلیم دی جارہی ہے ، وہ الہامی اور مستند ہے۔
ایک خداکا عقیدہ انسانوں کو تعلیم دیتاہے کہ وہ ایک ہی
والدین(آدم اورحوا) کی اولاد ہیں اور اس بنا پر ایک کنبہ ہے۔عقیدۂ آخرت انسان کو
اچھائی کی ترغیب دینے اور برائی سے باز رکھنے کی ایک تعلیمی تدبیر ہے۔
بائبل اور قرآن میں قصہ آدم وحوا کامقصد بھی انسان کو ایسی
تعلیم دینا تھا جس سے وہ خود کو دوسرے جانوروں جیسا حیوان نہ سمجھ لے ، بلکہ خود
کو اشرف المخلوقات جان کر اعلیٰ اخلاقی کردار کامظاہرہ کرے۔
آسمانی صحائف میں جو فطرت اور کائنات کا بیان ہوا ہے، وہ
بھی دراصل سائنسی انکشافات کیلئے نہیں ، بلکہ تعلیم کیلئے ہے۔مثال کے طورپر قرآن میں بیان ہواہے کہ اللہ نے ہر چیز کو
جوڑے جوڑے پیداکیا، اس پر ملحدین اعتراض کرتےہیں کہ خوردبینی جانداروں
(امیبا،پیرامیشیم وغیرہ) میں تو جوڑے نہیں ہوتے، پھرقرآن نے ہر جاندارکے جوڑے ہونے
کا دعویٰ کیوں کیا؟۔۔ یہاں بھی اس بات سے قرآن کامقصد یہ تعلیم دینا ہے کہ جس طرح اس دنیا کے مشاہدے میں جاندار جوڑوں کی
شکل میں پائے جاتےہیں ، اسی طرح اس دنیا کے ساتھ آخرت کا جوڑا ہے۔اس سے مقصد
انسانوں کو حیاتیات(Biology) کاتفصیلی علم دینا نہیں تھا۔
اسی طرح قرآن
میں زمین ، آسمان، چاند،سورج اورستاروں کابیان بھی انسانوں کو علمِ کائنات (Cosmology) سکھانے کیلئے
نہیں ہوا، بلکہ مقصد انسانوں میں تواضع اور شکر کے جذبات پیدا کرنا اور انسان کو اس
کے اردگرد کی قابلِ مشاہدہ کائنات کے ساتھ مانوس کرنا تھا تاکہ وہ اس سیارے پر خود
کواجنبی خیال نہ کرے۔
اس حوالے سے مذہب کامقابلہ سائنس کے ساتھ کرنا غلط ہے۔مذہب
کاتقابل سائنس کے ساتھ نہیں ، بلکہ فلسفۂ تعلیم اور تعلیمی نفسیات کے ساتھ کرنا
چاہیئے کہ آیا انسان کو حیوانیت سے اوپر اٹھانے اوراس کی ارضی زندگی کوایک اخلاقی
مقصدیت دینے کیلئے اس نے عقائد و تعلیمات کاجو نظام متعارف کرایا ہے، وہ کتنا دورِ
جدید کے تعلیمی نظریات اور تدریسی طریقوں کے مطابق ہے ۔
اسلام نے اس بات کو بہت وضاحت سے بتایا ہےکہ اس کی تعلیمات
کااصل مقصد تزکیۂ نفس ہے، جبکہ دنیاوی علوم اورتمدنی معاملات اور سائنس و
ٹیکنالوجی کے امور اس کے دائرے میں نہیں آتے ۔ ان چیزوں کو خود انسانوں کےفہم ،تحقیق
اورقوت ِ تسخیرپر چھوڑ دیا گیا ہے:
”اپنی دنیا کی باتوں
کوتم خود زیادہ بہتر جانتے ہو۔“(بخاری ومسلم)
*****************************
No comments:
Post a Comment