خدا کو کس نے پیداکیا؟
وجودِ خدا کے انکا ر میں ملحدین (Atheists) کا سب سے بڑا
اصرار یہ ہوتا ہے کہ اگر کائنات کو خدا نے پیداکیا تو پھر خدا کو کس نے پیداکیا۔ کیونکہ ان کے
بقول اگر کائنا ت جیسی پیچیدہ شے کسی خالق کے بغیر وجود میں نہیں آسکتی تو پھر
ایسی کائنات کا بنانے والا اس سے بھی زیادہ پیچیدہ(کمپلیکس) ہوگا ، لہٰذا خود اس
کیلئے بھی کسی خالق کاہونا ناگزیر ہے۔یوں ملحدین کہتے ہیں کہ جب آپ کائنا ت کے معمے کاجواب خدا کی صورت میں دیتے ہیں تو
دراصل آپ اس سے بھی بڑا معمہ پیداکردیتے ہیں یعنی خدا کی تخلیق کا معمہ۔
یہ درست ہے کہ سائنسدان فطری طور پر ہر عمل کی طبعی توجیہہ ہی چاہتے ہیں اوریہی چیز انھیں
تحقیق و مطالعے پر اکساتی ہے۔ لہٰذا جب یہ کہا جائے کہ کائنا ت اورزندگی کو خدا نے
تخلیق کیا تو یہ جواب سائنسدانوں کو مطمن نہیں کرتا اورواقعتاً ان پر تحقیق کے
دروازے بند کردینا چاہتا ہے۔ تاہم جب سائنسدان خدا کے نظریے کو رد کرنے کیلئے یہ
سوال اٹھاتے ہیں کہ پھر خدا کو کس نے پیداکیا؟، تو یہ کچھ منطقی طورپر جائز معلوم
نہیں ہوتا۔ کیونکہ نظریۂ تخلیق بہرحال اس سوال کاجواب ہے جو سائنسدانوں کو درپیش
ہے کہ یہ کائنات کیسے وجود میں آئی۔ یہ اگر سائنسدانوں کیلئے قابلِ قبول نہیں تو
انھیں خداکی متبادل توجیہات مثلاً انتخابِ طبعی (Natural Selection) ہی کو سامنے لانا چاہیئے نہ کہ خدا کی ذات کے بارے میں سوالات
اٹھانا۔
اس کی ایک مثال ہوسکتی ہے۔ فرض کریں کہ ایک تفتیش کار کے
سامنے ایک قتل کا کیس ہے اوراسے قاتل کا سراغ لگانا ہے۔ اب اگروہ اپنی تفتیش کے ذریعے قاتل کے نام و پتے تک پہنچ جاتاہے تو بس یہاں اس کی
تفتیش مکمل ہوجاتی ہے۔ اس کی تفتیشی رپورٹ
پراگریوں اعتراض کیا جائے کہ اس نے غلط تفتیش کی
کیونکہ قاتل فلاں نہیں بلکہ فلاں شخص ہے یا یہ کہ یہ قتل کی نہیں بلکہ
خودکشی کی واردات ہے۔۔۔تو یہ اعتراضات
جائز ہوں گے۔۔۔۔لیکن اگر اس طرح کےسوالات
اٹھائے جائیں کہ تفتیش کار بتائے کہ قاتل کو قاتل کس نے بنایا ؟ کس طر ح کے گھریلو
مسائل اورسماجی ماحول نے اس کے اندر خونی رجحانا ت پیداکیے؟اس کی دماغی کیمسٹری
میں کیسا کیمیائی خلل ہے؟۔۔۔۔تو یہ بالکل غیر متعلقہ سوالات ہوں گے کیونکہ ان چیزوں
کے بارے میں بتانا نہ تفتیش کار کی ذمہ داری ہے اورنہ ان سےمقدمے کی قانونی نوعیت میں کوئی تبدیلی واقع ہوتی ہے۔ تفتیش کار اگر ان
سوالات کاکوئی جواب نہیں دیتا تو بھی اس سے قاتل کا قاتل ہو نا غلط ثابت نہیں
ہوجائے گا۔
تفتیش کار نے قاتل کی نشاندہی کرکے اس معمے کو حل
کردیا جو اس کے سامنے رکھا گیا تھا۔ باقی
کے سوالات دلچسپ ضرور ہیں لیکن مقدمے کی پیروی کیلئے غیرضروری۔ اسی طرح خدا کے
ماخذ(Origin) کاسوال دلچسپ اورمتجسسانہ ضرور ہے لیکن کائنا ت کی تخلیق کے معمے کے حوالے سےاسی طرح
غیر ضروری اورغیر متعلقہ ہے جس طرح قتل کےکیس میں ’قاتل کوقاتل کس نے بنایا؟‘
کاسوال غیر متعلقہ اوربعید ازکارہے۔
’خداکو کس نے پیداکیا؟‘ دراصل ایک نیا اورالگ سوال ہے
اوراگر یہ سوال لاجواب رہتا ہے تو بھی اس سے ’کائنات کو خدا نے پیداکیا‘ کے جواب کی
معقولیت (Validity) پرکوئی حرف نہیں آتا۔
****************************
No comments:
Post a Comment