جاوید احمد غامدی صاحب سے ایک سوال وجواب
محترم جاوید احمدغامدی صاحب!
اسلام وعلیکم!
امید ہے آپ بخیریت
ہوں گے!
آپ سے حضورؑ کے غارِ حرا میں قیام کے حوالے سے اپنی ایک
الجھن کے بارے میں پوچھنا چاہتاہوں کہ نبوت ملنے سے قبل آپ کے قیامِ حرا کی نوعیت
کیا تھی؟ عام طورپر اس کاجواب یہ دیا جاتاہے کہ آپ وہاں غوروفکرکیا کرتے تھے، لیکن
یہ بات غیر فطری سی لگتی ہے۔ غوروفکر اورکسی مسئلے کوسلجھانے کیلئے انسان کچھ وقت
کیلئے تنہائی اختیار کرسکتاہے، لیکن ایک سنسان جگہ پر شب وروز کاقیام اس مقصد سے مناسبت نہیں
رکھتا۔
میرے خیال سے تو آپؑ کاقیا مِ حرا نبوت سے پہلے کانہیں،
بلکہ بعد کاواقعہ ہے جیسا کہ حضرت عائشہ کی روایت سے ظاہر ہوتاہے کہ حراجانے سے قبل
ہی روئے صادقہ کی صورت میں نبوت کی شروعات ہوچکی تھیں اورغارِ حرا کی خلوت وریاضت
آپؑ نے حکمِ خداوندی سے ہی اختیار کی تھی جس کا کہ ہوسکتاہے خوابوں کے ذریعے آپؑ
کو اشارہ ملا ہو۔ اس طرح آپؑ کاقیامِ حرا بالکل ویسی ہی چیز ہے جس طرح حضرت موسیٰؑ
نے کوہِ طورپر چالیس روز ریاضت کی تھی۔ تاہم چونکہ یہ میرا ذاتی خیا ل ہے ، اس لیے
اس پر مجھے شرح صدر نہیں ہے۔
اس حوالے سے آپ سے رہنمائی کی درخواست ہے۔
عرفان محمود
11اکتوبر 1999ء
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
محترمی ومکرمی عرفان محمود صاحب
اسلام وعلیکم ورحمتہ اللہ۔ بیمار رہا، اس لیے جواب میں
تاخیر ہوئی۔ مجھے آپ سے اتفاق ہے۔ سیدہ عائشہ کی روایت سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ
حرا میں آپ سچے خوابوں کی صورت میں نبوت کی شروعات کے بعد ہی گئے۔ خواب میں آپ کو
اس اشارہ ملا، یہ بات بھی قرینِ قیاس ہے
اورسیدناموسیٰ کی ریاضت سے اس کی
مشابہت بھی سمجھ میں آتی ہے۔
شرح صدر کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے رہیے۔
جاوید
8دسمبر 1999ء
***************************